28 جولائی 2015 - 13:06
عمان کے ایران سے تعلقات اچھی ہمسائیگی کے اصول پر قائم ہیں

عمان کے وزیر خارجہ نے تہران مسقط تعلقات کو دوستانہ قرار دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ عمان کے تعلقات کو دوستانہ اور اچھی ہمسائیگی کے اصول پر استوار قرار دیا- یوسف بن علوی نے ایران کے ساتھ عمان کے دوستانہ تعلقات کو علاقے کے تمام ممالک کے مفاد میں قرار دیا- اس ملاقات میں عمان کے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ بحران یمن، سیاسی طریقے سے حل ہو سکتا ہے- انھوں نے کہا کہ فوجی طریقے سے مسائل حل نہیں کئے جا سکتے- واضح رہے کہ عمان، خلیج فارس تعاون کونسل کا وہ واحد ملک ہے جو یمن پر سعودی عرب کی سربراہی میں انجام پانے والے جارحانہ حملوں میں شامل نہیں ہے- اس ملاقات میں مصر کے وزیر خارجہ نے عمان کے ساتھ اپنے ملک کے دوستانہ تعلقات جاری رہنے پر تاکید کی۔ انھوں نے مشترکہ عرب فوج کی ممکنہ تشکیل کے بارے میں کہا کہ یہ ایک رضاکارانہ تجویز ہے کہ جس کا مقصد عرب ممالک کے مفادات کا دفاع اور سلامتی کا تحفظ کرنا ہے اور یہ تجویز، علاقائی و عالمی بحرانوں کے حل کے مقصد سے سیاسی مذاکرات کی کوشش کے تناظر میں سامنے آئی ہے- واضح رہے کہ مسقط نے اعلان کیا ہے کہ وہ مشترکہ عرب فوج میں شامل نہیں ہو گا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲